Friday, 12 May, 2006, 11:16 GMT 16:16 PST
انگلینڈ اورسری لنکا کے مابین لارڈز میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز سری لنکا نے انگلینڈ کے پانچ سو اکاون رنز کے جواب میں اکانوے رنز بنائے اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فاسٹ بولر ساجد محمود نے اپنے پہلے چار اوروں میں سری لنکا کے تین کھلاڑی آؤٹ کر کے سری لنکن بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ انگلینڈ کے دوسرے کامیاب بولر میتھو ہوگارڈ تھے جنہوں نے سری لنکا کے دونوں اوپنروں کو جلد ہی پویلین روانہ کر دیا۔ سری لنکا کے ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
اس سے پہلے انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز 551 رنز پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ انگلینڈ نے اتنا بڑا سکور صرف چھ وکٹوں کے نقصان پر بنایا۔
انگلینڈ کے بڑے سکور میں سب سے نمایاں کردار نوجوان بیٹسمین کیون پیٹرسن کا تھا جنہوں نے ایک سو اٹھاون کی شاندار اننگز کھیلی۔ پال گولنگوڈ نے بھی پیٹرسن کا اچھے ا نذاز میں ساتھ نبھایا۔
انگلینڈ نے دوسرے روز کا آغاز تین وکٹوں کےنقصان پر تین سواٹھارہ رنز سے کیا اور چائے کے وقفے تک چھ وکٹوں کے نقصان پر 551 رنز بنا کر اننگز ڈیکلئیر کرنے کا اعلان کر دیا۔
سری لنکا کا کوئی بولر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا اور مشہور سپنر مرلی دھرن اڑتالیس اوروں میں ایک سو اٹھاون رنز دے کر صرف تین وکٹ حاصل کر سکے جبکہ میڈیم فاسٹ بولر چمندا واس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے پہلے روزانگلینڈ کے کپتان اینڈریو فلنٹاف نےٹاس جیت کا پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
انگلینڈ کی ٹیم
اینڈریو فلنٹاف، مارکس ٹریسکوتھک، اینڈریو سٹراس، ایلیسٹر کک، کیون پائٹرسن، پال کالنگوڈ، گرائنٹ جونز، مونٹی پنیسر، لیام پلنکٹ، میتھیو ہوگارڈ اور ساجد محمود۔
سری لنکا کی ٹیم
جے وردھنے(کپتان)، یو تھارنگا، جے مبارک، کے سنگاکارا، سماراویرا، ٹی دلشن، سی کاپوگیدرا، فرویز مہاروف، چمندا واس، ایم مرلی دھرن اور این کالو سیکارا۔