Thursday, 04 May, 2006, 01:27 GMT 06:27 PST
پاکستان کے کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ آئندہ برس ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ سے پہلے کھلاڑیوں کو جسمانی تھکاوٹ سے بچانے کے لیئے باریاں باندھنے کے حکمتِ عملی اپنائی گئی ہے۔
انضمام نے کہا کہ ’ہمارے پاس ورلڈ کپ سے پہلے پچہتر دن ہیں اور اس دوران کچھ کھلاڑیوں کے جسمانی طور پر تھک جانے اور فٹنس جیسے مسائل کا خطرہ حقیقی ہے‘۔
’اس وجہ سے ہم نے اپنے کھلاڑیوں کواگلے سال کے ٹورنامنٹ کے لیئے محفوظ رکھنے کے لیئے باریاں باندھنے کی پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے‘۔
پاکستان ٹیم انڈیا میں چیمپئنز ٹرافی سے پہلے انگلینڈ کے ساتھ چار ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچ کھیلے گی۔
اس کے بعد وہ پاکستان ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلے گی اس کے بعد جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز کے لیئے روانہ ہو جائے گا۔
انضمام نے کہا کہ پچھلے چھ ماہ میں لڑکوں کا شیڈول انتہائی مصروف رہا ہے اور انہوں نے بہت سفر کیا ہے۔