http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 30 April, 2006, 10:21 GMT 15:21 PST

وارن کی ون ڈے میں واپسی کا امکان

آسٹریلیا کے سپن بالر شین وارن نے ایک روزہ کرکٹ دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں متعلقہ حکام سے بات چیت شروع کر دی ہے۔

کرکٹ ٹیم کے کوچ جان بکانن نے بتایا ہے کہ وارن نے کپتان رکی پونٹنگ اور سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اینڈریو ہلڈِچ سے ملاقات کی ہے۔

وارن سن دو ہزار تین میں ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔

شین وارن نے کہا کہ ایک روزہ کرکٹ دوبارہ کھیلنا اچھا ہوگا لیکن اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ وہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کے بارے میں کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

رکی پونٹنگ نے بتایا کہ شین وارن کو انہیں جلد از جلد اپنے فیصلے سے آگاہ کرنا ہوگا تاکہ وہ انہیں عالمی کپ کے لیے منصوبہ بندی میں شامل کر سکیں۔

شین وارن ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھ سو پچاسی وکٹیں حاصل کر سکے ہیں۔