Sunday, 30 April, 2006, 17:14 GMT 22:14 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان اور بھارت کی سینئر کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والی چار میچوں پر مشتمل سیریز بھارتی سینئر کرکٹ ٹیم نے 1-3 سے جیت لی ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے سیریز کے چوتھے میچ میں بھارتی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو تیس رنز سے شکست دی۔
بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ چالیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے۔
بھارتی سینئرٹیم کی جانب سے سنجیو شرما نے سب سے زیادہ 57 رنز بنائے۔ سمیردیگی نے 55 رنز کی زبردست انگز کھیلی نیان مونگیا نے 37 رنز بنائے۔
نیان مونگیا اور سمیر کے درمیان ساتویں وکٹ کی شراکت میں چوراسی رنز بنے جس کے سبب بھارتی ٹیم ایک بہت اچھا سکور بنانے میں کامیاب ہوئی جو اس کی جیت کی وجہ بنا۔
بھارتی کپتان اظہر الدین نے اس میچ میں 26 رنز بنائے۔
پاکستان سینئر ٹیم کے کپتان عبدالقادر نے اس میچ میں بھی عمدہ بالنگ کی اور چار وکٹیں لیں۔ اعجاز فقہی نے تین بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کو جیتنے کے لیے 257 کا ہدف ملا۔ پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور اوپنر عامر سہیل نے پاکستان سینئرکی اننگز کا آغاز بہت زبردست طریقے سے کیا اور آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ عامر کی جانب سے دیا گئے اس عمدہ آغاز سے باقی بلے باز فائدہ نہ اٹھا سکے۔
سوائے منصور اختر اور غفار کاظمی کے جنہوں نے بالترتیب 38 اور 34 سکور کیا کوئی بیٹسمین بھی جم کر نہ کھیل سکا۔
پاکستان کی سینئر ٹیم مقررہ چالیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنا سکی اور یوں بھارتی سینئرٹیم نے یہ میچ 30 رنز سے جیت کر سیریز بھی اپنے نام کر لی۔
![]() | |
| پاکستان سینئر ٹیم کے کپتان عبدالقادر نے اس میچ میں بھی عمدہ بالنگ کی اور چار وکٹیں لیں |
اظہرالدین نے کہا کہ یہ سیریز جیت کر انہیں بہت خوشی ہو رہی ہے۔
پاکستان سینئر ٹیم کے کپتان عبدالقادر نے کہا کہ وہ اس سیریز کو جیت یا ہار کے تناظر میں نہیں دیکھتے بلکہ یہ دوستی کی سیریز تھی اور ہر شخص کو چاہیے کہ دونوں ملکوں کے درمیان بہتر ہوتے ہوئے تعلقات میں اپنا حصہ ڈالے۔
بھارتی کپتان اظہرالدین نے 2011 کے عالمی کرکٹ کپ کی میزبانی ایشائی ممالک کو ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ کافی برسوں کے بعد دوبارہ اس خطے میں آیا ہے اور اس کے لیے تمام بورڈ مبارکباد کے مستحق ہیں۔