Thursday, 27 April, 2006, 06:47 GMT 11:47 PST
برائن لارا کو ویسٹ انڈیز کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے اور یہ تیسرا موقع ہے جب سینتیس سالہ لارا کو کپتانی کے فرائض سونپے گئے ہیں۔
بطور کپتان برائن لارا زمبابوے کے خلاف سنیچر سے شروع ہونے والی ایک روزہ سیریز میں اپنے فرائض سنبھالیں گے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ لارا کی بطور کپتان نامزدگی سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور وہ آئندہ برس ویسٹ انڈیز میں ہی منعقدہ کرکٹ کے عالمی کپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہر کرے گی۔
برائن لارا نے شیو نرائن چندر پال کی جگہ ٹیم کی قیادت سنبھالی ہے۔ چندر پال کی سربراہی میں ویسٹ انڈین ٹیم کی کارکردگی خاصی خراب رہی۔ ان کے تیرہ ماہ کے دورِ کپتانی میں ویسٹ انڈیز نے چودہ ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں سے دس میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سولہ ایک روزہ میچوں میں سے بھی چودہ میں اسے شکست ہوئی۔
اس بری کارکردگی کے باوجود برائن لارا کا کہنا ہے کہ’چندر پال نے حالات کے مطابق ایک عمدہ کارکردگی دکھائی‘۔
گو کہ بطور کپتان برائن لارا کا ریکارڈ بہت زیادہ اچھا نہیں مگر ان کی کپتانی میں ہی دو سال قبل ویسٹ انڈیز نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔
برائن لارا اس وقت گیارہ ہزار دو سو چورانوے رن کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانےوالے بلے باز ہیں۔ انہوں نے اب تک اکتیس سنچریاں بھی بنائی ہیں۔ یہی نہیں لارا کے نام دنیائے کرکٹ کے دو اور ایسے ریکارڈ بھی ہیں جن پر کوئی بھی بلے باز فخر کر سکتا ہے۔
لارا ٹیسٹ کرکٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی سکور بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں اور وہ پہلے باز ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس میچ کی ایک اننگز میں پانچ سو اور ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں چار سو رن سکور کیئے ہیں۔