Saturday, 22 April, 2006, 15:13 GMT 20:13 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان کی اے کرکٹ ٹیم کے کپتان حسن رضا کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم یوریشیا کپ جیتنے کی بھر پور کوشش کرے گی۔
پاکستان کی اے کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو ابوظہبی روانہ ہو رہی ہے جہاں وہ چھ ممالک کے درمیان ہونے والے یوریشیا کرکٹ کپ میں شرکت کرے گی۔
یہ مقابلے 22 اپریل سے 5 مئی تک ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں ہوں گے۔ پاکستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ 25 اپریل کو ہالینڈ کے خلاف کھیل رہی ہے جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی اے کرکٹ ٹیمیں 28 اپریل کو آمنے سامنے ہوں گی۔
یورایشیا کپ میں پاکستان، بھارت اور سری لنکا کی اے ٹیمیں اور ہالینڈ، آئرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کی قومی ٹیمیں کھیل رہی ہیں۔
پاکستان کی اے کرکٹ ٹیم میں متعدد کھلاڑی ایسے ہیں جو پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں اس لیے اسے یورایشیا کی مضبوط ٹیم سمجھا جا رہا ہے۔
اس ٹیم میں یاسر حمید اور توفیق عمر جیسے اوپنر ہیں جو پاکستان کے لیے کئی میچوں میں زبردست کاکردگی دکھا چکے ہیں لیکن پھر کارکردگی میں کمی قومی ٹیم سے ان کے اخراج کا سبب بنی۔
یاسر حمید پُرامید ہیں کہ اس یورو اییشیا کپ میں وہ زبردست بیٹنگ کریں گے تاکہ قومی ٹیم میں واپس آ سکیں انہوں نے کہا کہ اپنی خامیوں پر قابو پانے کے لیے انہوں نے کافی محنت کی ہے۔
مضبوط ٹیمیں |
حسن رضا نے کہا کہ ’ابوظہبی میں نیا سٹیڈیم بنا ہے اور وہاں ہم نے پہلے کبھی نہیں کھیلا اور وہاں کے حالات اور وکٹ کی بابت بھی کچھ علم نہیں جبکہ سننے میں آیا ہے کہ وہاں گرمی بھی زیادہ ہے لیکن ہم یہ کپ جیت کر آئیں گے‘۔