Saturday, 08 April, 2006, 22:04 GMT 03:04 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کولمبو
بین الاقوامی کرکٹ میں ہزار وکٹوں کی تکمیل کے باوجود متایا مرلی دھرن مطمئن نہیں ہوئے اور مزید تین سال کرکٹ کھیل کر اپنے شکاروں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس تقریب میں مرلی دھرن نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پندرہ سالہ کریئر پر خوش ہیں کہ کئی ریکارڈز اور کئی سنگ میل ان کے نام ہوئے وہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے جو کچھ سوچا تھا وہ کر دکھایا۔ یہ ایک شاندار کریئر رہا ہے۔
33سالہ مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ کپ تک کسی دشواری کے بغیر کھیل سکتے ہیں اس کے بعد دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے لیکن جہاں تک ان کی کرکٹ کا تعلق ہے تو وہ چھتیس سنتیس سال کی عمر تک کھیل سکتے ہیں اور موجودہ کارکردگی کو برقرار رکھنے کی صورت میں وہ مزید بھی کچھ کر سکتے ہیں جس کے لیے وہ محنت جاری رکھیں گے۔
مرلی دھرن103 ٹیسٹ میچوں میں611 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور وہ شین وارن کی674 وکٹوں کے عالمی ریکارڈ سے63 وکٹوں کے فاصلے پر ہیں اسی طرح273 ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد414 ہے اور وسیم اکرم کی502 وکٹوں کا عالمی ریکارڈ بھی ان کی دسترس میں ہے لیکن خود مرلی کو ریکارڈز کی قطعاً پروا نہیں ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کرکٹ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں وہ اچھی کارکردگی کے ساتھ تین چار سال کرکٹ کھیلیں گے تو پھر اندازہ ہوسکے گا کہ یہ ریکارڈز ان کے نام ہوتے ہیں یا نہیں ؟ اور اگر وہ ان ریکارڈز کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تو اس دنیا میں ان سے زیادہ خوش قسمت شخص کوئی اور نہیں ہوگا۔
مرلی کتنے دور کتنے قریب؟ |
مرلی دھرن کی پرفریب گیندوں کے علاوہ ان کی چمکتی آنکھیں بھی بیٹسمینوں کو اپنے سحر میں مبتلا کردیتی ہیں اس بارے میں کیے گئے سوال پر مرلی دھرن نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں معلوم۔ شاید اس لیے بھی لوگ اس جانب متوجہ ہوتے ہوں کہ ان کی آنکھیں بڑی ہیں۔
مرلی دھرن اپنے کپتانوں میں سب سے زیادہ ارجنا راناتنگا کی قائدانہ صلاحیتوں کے معترف ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جن کپتانوں کے ساتھ وہ کھیلے ہیں ان میں رانا تنگا بہترین تھے کیونکہ جب ان کے بولنگ ایکشن پر اعتراض ہوا تو راناتنگا نے ان کے لیے زبردست آواز بلند کی اور ان کی حمایت کی۔ سری لنکا نے ورلڈ کپ بھی ان کی کپتانی میں جیتا اور کئی بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔
کس بیٹسمین کو آؤٹ کرکے زیادہ خوشی ہوئی؟ مرلی دھرن اس سوال پر پہلے تو کہنے لگے کہ ہر اچھے بیٹسمین کو آؤٹ کر کے خوشی ہوتی ہے لیکن پھر ماضی میں کھو کر بولے میں نیوزی لینڈ کے مارٹن کرو کو جس گیند پر آؤٹ کیا تھا وہ لاجواب گیند تھی۔
مرلی کی لاجواب گیند؟ |