Monday, 03 April, 2006, 10:45 GMT 15:45 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کینڈی
بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے سری لنکا کے آف اسپنر متایا مرلی دھرن شاندار کارکردگی سے زیادہ اپنے بالنگ ایکشن کی وجہ سے شہ سرخیوں میں رہے ہیں۔
عالمی کرکٹ کے معاملات چلانے والوں کے نزدیک ان کا بالنگ ایکشن مشکوک ہے لیکن مرلی کے حامی اسے منفرد قرار دیتے ہیں۔
یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ مرلی دھرن کا سحر بیٹسمینوں کوگھورتی ان کی چمکتی آنکھوں میں ہے یا ان کی پرفریب گیندوں میں۔ وجہ کچھ بھی ہو اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ33 سالہ تامل آف اسپنر کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب بالر ہیں لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں چھ سو اور ون ڈے میں چار سو سے زائد وکٹیں حاصل کرنے کے باوجود مرلی دھرن کے لیئے کرکٹ کبھی پھولوں کی سیج نہیں رہی۔
مرلی دھرن کا ایکشن |
سری لنکا کے سابق کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر رنجیت فرنینڈو کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں مرلی کا حوصلہ پست نہیں بلکہ بلند ہوا ہے ۔ ان کی جگہ اگر کوئی دوسرا ہوتا تو اس صورتحال میں ہتھیار ڈال دیتا۔جہاں تک ان کے بالنگ ایکشن کا تعلق ہے تو اسے خامی کہیں یا خوبی یہ پیدائشی ہے۔
رنجیت فرنینڈو کا کہنا ہےکہ سری لنکا کی کرکٹ کے لیئے مرلی دھرن کی خدمات شاندار ہیں۔ وہ ’لیجنڈ‘ ہیں۔
مرلی کے بولنگ ایکشن کے بارے میں رنجیت فرنینڈو کہتے ہیں کہ وہ دوسرے آف اسپنرز سے منفرد ہیں جو کلائی سے گیند اسپن کرتا ہے جبکہ دوسرے انگلیوں کا استعمال کرتے ہیں۔
سری لنکا ہی نہیں پاکستانی نوجوان کرکٹرز میں بھی مرلی دھرن کے منفرد بالنگ ایکشن کو اپنانے کا رجحان بڑھا ہے۔ کمنٹیٹر چشتی مجاہد کے خیال میں اس کی وجہ مرلی کی شاندار کارکردگی ہے جو نئے بالرز کو اپنی جانب متوجہ کررہی ہے لیکن یہ رجحان خطرناک ہے کیونکہ مرلی کے بازو کی پیدائشی غیرمعمولی ساخت ثابت ہوچکی ہے لیکن جو بالرز انہیں کاپی کررہے ہیں وہ جسمانی طور پر نارمل ہیں لہذا جب وہ بڑی کرکٹ میں آئیں گے تو مشکل میں پھنس جائیں گے۔
پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجہ مرلی دھرن کی عظمت سے انکار نہیں کرتے لیکن ان کا کہنا ہے کہ مرلی دھرن کا بالنگ ایکشن نوجوان بالرز کے لیئے آئیڈیل نہیں۔ اگر ان کا موازنہ شین وارن سے کیا جائے تو ان کے خیال میں وارن واضح طور پر فاتح نظرآئیں گے اور مرلی کو اگر مگر کے ساتھ بڑا بالر کہا جائے گا جس پر سوالیہ نشان بھی لگے ہونگے اس کے باوجود وہ ایک زبردست ٹیم مین ہیں جنہوں نے سری لنکا کے لیئے غیرمعمولی کارکردگی دکھائی ہے۔
پاکستانی کپتان انضمام الحق مرلی کے بالنگ ایکشن پر ہونے والی تمام تر بحث کے باوجود ان کی غیرمعمولی صلاحیتوں کے معترف ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ان جیسا خطرناک آف اسپنر انہوں نے کبھی نہیں دیکھا۔
اس تمام تر بحث میں مرلی دھرن کا سفر جاری ہے۔ شاندار کارکردگی کے اس سفر میں شین وارن کا ٹیسٹ کرکٹ اور وسیم اکرم کا ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹوں کا عالمی ریکارڈ مرلی دھرن کے قدموں تلے آتے ہوئے معلوم ہوتے ہیں۔