Friday, 31 March, 2006, 00:00 GMT 05:00 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کولمبو
پاکستانی کپتان انضمام الحق کے خیال میں پہلی اننگز میں صرف176 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ان کے لیئے میچ ڈرا کرنا آسان نہ تھا لیکن شعیب ملک اور فیصل اقبال کی باہمت بیٹنگ کے نتیجے میں یہ ممکن ہوسکا۔
کولمبو میچ تصویروں میںانضمام الحق کے مطابق چوتھی اننگز کا اپنا دباؤ ہوتا ہے اور پھر رنز کا ہدف بھی بڑا تھا اس صورتحال میں دوسری اننگز کی کارکردگی غیرمعمولی رہی۔
پاکستانی کپتان کا کہنا ہے کہ وکٹ پر گیند نیچے رہ رہی تھی۔ انہوں نے شعیب ملک اور فیصل اقبال کو صرف یہ ہدایت کی تھی کہ وکٹ پر ٹھہرنا ہے۔ انہیں خوشی ہے کہ ان دونوں نے اس پر عمل کیا۔ کھانے کے وقفے پر جب وکٹ نہیں گری تو انہیں یقین ہو چلا تھا کہ ان کی ٹیم اس میچ کو ڈرا کرجائے گی۔
انضمام الحق نوجوان شعیب ملک کی صلاحیتوں کے ہمیشہ سے معترف رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس نوجوان نے شدید گرم موسم میں جس اعتماد سے آٹھ گھنٹے بیٹنگ کی وہ قابل تعریف ہے۔
انضمام الحق کے مطابق شعیب ملک بنیادی طور پر اوپنر نہیں تھا لیکن ٹیم کے مفاد میں اس نے اوپننگ کی اور اب اس کی بیٹنگ میں پختگی آتی جارہی ہے جو ٹیم کے لیئے خوش آئند بات ہے۔
انضمام الحق کا کہنا ہے کولمبو ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے وہ مطمئن ہیں۔
![]() | |
| میچ کے اختتام پر انضمام سری لنکا کے وکٹ کیپر کمارا سنگاکارا کے ساتھ |
شعیب ملک کا اپنی148 رنز کی شاندار اننگز پر کہنا ہے کہ یہ ان کے انہماک کے ساتھ ساتھ کپتان کی ہدایت کا نتیجہ بھی ہے جن کا کہنا تھا کہ وہ پورے دن کھیلنے کے بارے میں سوچنے کے بجائے ہر سیشن کو ذہن میں رکھ کر بیٹنگ کریں۔ انہیں خوشی ہے کہ ان کی بیٹنگ ٹیم کے کام آئی۔
شعیب ملک کہتے ہیں کہ انہوں نے بیٹنگ پر ضرور توجہ رکھی ہے لیکن اپنی بولنگ سے غافل نہیں ہوئے ہیں۔
شعیب ملک کہتے ہیں کہ خود پر دباؤ طاری کرنے سے پرفارمنس مزید خراب ہوتی چلی جاتی ہے۔ انہیں یقین تھا کہ وہ ایک بڑی اننگز سے اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔