Friday, 17 March, 2006, 12:34 GMT 17:34 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کولمبو
سترہ مارچ کا دن سری لنکا کی کرکٹ کے لیئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج سے ٹھیک دس سال قبل سری لنکا نے کرکٹ کا ورلڈ کپ پاکستان کے شہر لاہور میں جیتا تھا۔
آج سری لنکا کے باسی اس تاریخ ساز جیت کی دسویں سالگرہ منارہی ہے۔ جمعہ کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا میچ دیکھنے کے لیئے جب تماشائی پریماداسا سٹیڈیم پہنچے تو انہیں اس وقت خوشگوار حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب1996ء ورلڈ کپ کی خوبصورت ٹرافی ان کی نگاہوں کے سامنے تھی۔
یہ ٹرافی اسٹیڈیم کے باہر ایک فلوٹ میں رکھی ہوئی تھی۔ مقامی نجی ٹی وی چینل کا یہ فلوٹ ہفتہ بھر سری لنکا میں گشت کرے گا اور سری لنکا کے کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگ اس ٹرافی کی جھلک دیکھ سکیں گے۔
ورلڈ کپ کی جیت کی دسویں سالگرہ کے موقع پر سری لنکن ٹی وی پر1996 کے عالمی کپ فائنل کی جھلکیاں بھی دکھائی گئیں۔فائنل میں سری لنکا نے آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔
فاتح ٹیم میں سے صرف مرلی دھرن۔ واس اور جے سوریا اس وقت بین الاقوامی کرکٹ کے افق پر موجود ہیں۔ کپتان ارجنا رانا تنگے کرکٹ کو خیرباد کہنے کے بعد سیاست میں آگئے تھے اور اس وقت وہ سری لنکا کے نائب وزیر سیاحت ہیں۔