Sunday, 12 March, 2006, 11:15 GMT 16:15 PST
انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان موہالی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 112 رن بنا لیے ہیں۔
اس وقت گیرئنٹ جونز اور اینڈریو فلنٹاف کریز پر موجود ہیں اور انگلینڈ کو انڈیا پر 74 رن کی برتری حاصل ہے۔
انگلینڈ کے آؤٹ ہونے آخری کھلاڑی این بیل تھے جو نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد انیل کمبلے کا تیسرا شکار بنے۔ آؤٹ ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں الیسٹر کک کو مناف پٹیل نے، سٹراس اور کالنگ وڈ کو انیل کمبلے نے جبکہ کیون پیٹرسن کو ہربھجن سنگھ نے آؤٹ کیا۔
اس سے قبل انڈیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 338 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ چوتھے دن انڈیا نے149 رن چار کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز شروع کی تو مہندر دھونی مجموعی سکور میں صرف چار رن کے اضافے کے بعد ہارمیسن کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
اس موقع پر عرفان پٹھان اور راہول ڈاروڈ کے درمیان 76 رن کی شراکت نے بھارت ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ ڈراوڈ صرف پانچ رن کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور فلنٹاف کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ عرفان پٹھان نے بھی نصف سنچری مکمل کی اور وہ باون رن بنا کر فلنٹاف کا تیسرا شکار بنے۔ انیل کمبل نے 32 جبکہ ہربھجن نے 36 رن بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے فلنٹاف نے چار، ہارمیسن اور ہوگارڈ نے دو، دو جبکہ پلنکٹ اور پنیسر نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔
موہالی ٹیسٹ کے پہلے دو دن کا کھیل بارش اور کم روشنی کی وجہ سے متاثر ہوا تھا اور دو دن میں صرف 65 اوور کا کھیل ممکن ہو سکا تھا تاہم تیسرے دن مکمل نوِ اوور کا کھیل ہوا تھا۔
انگلش ٹیم: اینڈریو سٹراس، الیسٹر کک، این بیل، پال کولنگ ووڈ، کیون پیٹرسن، اینڈریو فلنٹاف، لیئم پلنکٹ، میتھیو ہوگارڈ، سٹیو ہارمیسن اور مونٹی پنیسر۔
انڈین ٹیم: وریندر سہواگ، وسیم جعفر، راہول ڈراوڈ، سچن تندولکر، یوراج سنگھ، مہندر دھونی، انیل کمبلے، پیوش چاؤلہ، ہربھجن سنگھ، عرفان پٹھان اور مناف پٹیل۔