Thursday, 02 March, 2006, 17:00 GMT 22:00 PST
سری لنکا کے سپن بولر مرلی دھرن دنیائے کرکٹ کی تاریخ میں ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں میں ایک ہزار وکٹ حاصل کرنے والے پہلے بالر بن گئے ہیں۔
مرلی دھرن نے یہ کارنامہ چٹاگانگ میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن سر انجام دیا۔
چار سو گیارہ ایک روزہ میچوں میں ان کا 589 واں نشانہ بننے والے بنگلہ دیش کے کھلاڑی خالد مشہود تھے۔ اس دن انہوں نے چار مزید وکٹ حاصل کرکے بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن توڑ دی۔
اس موقع پر مرلی کا کہنا تھا کہ وہ اس تاریخی ریکارڈ پر بہت خوش ہیں۔
بین الاقوامی وکٹوں میں مرلی دھرن 1004 کے ساتھ سر فہرست ہیں جبکہ ان کے بعد اس فہرست میں آسٹریلوی کھلاڑی شین وارن ہیں جنہوں نے 952 بلے بازوں کو اپنی سپن باؤلنگ کا نشانہ بنایا۔
تیسرے نمبر پر پاکستان کے بالر وسیم اکرم ہیں جنہوں نے 916 ووکٹ حاصل کیے۔ آسٹریلیا کے میکگرا 873 جبکہ انڈیا کے سپنر انیل کمبلے 824 کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔