Monday, 27 February, 2006, 12:13 GMT 17:13 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردوڈاٹ کام کراچی
فاسٹ بولر شعیب اختر منگل کو میلبورن میں اپنے دونوں گھٹنوں کے آپریشن کرا رہے ہیں۔ مشہور آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر ڈیوڈ ینگ یہ آپریشن کرینگے۔
شعیب اختر چند روز قبل گھٹنوں اور ٹخنے کے علاج کے لیےآسٹریلیا گئے ہیں جہاں ان کی رپورٹس دیکھنے کے بعد ڈاکٹر ڈیوڈ ینگ نے ان کے دونوں گھٹنوں کا فوری آپریشن تجویز کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آپریشنز سلیم الطاف نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک گھٹنے کا آپریشن غیرمعمولی نوعیت کا ہے البتہ دوسرے کی سرجری معمولی نوعیت کی ہے۔
شعیب اختر کے ٹخنے میں اسٹریس فریکچر ہے جبکہ گھٹنوں کی تکلیف کافی عرصے سے انہیں پریشان کررہی تھی۔
سلیم الطاف کا کہنا ہے کہ وہ دو ماہ میں اپنی ٹریننگ دوبارہ شروع کردیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سرفراز نواز نے بھی اپنےکریئر میں اس طرح کا آپریشن کرایا تھا جسے ٹھیک ہونے میں چھ سے آٹھ ہفتے لگتے ہیں۔