Sunday, 26 February, 2006, 18:28 GMT 23:28 PST
بھارت کے عظیم بلے باز سنیل گواسکر نے بھارتی بلے باز اور سابق کپتان سورو گانگولی پر زور دیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے بھارتی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے کے باوجود وہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر نہ ہوں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار سے زائد رن بنانے والے سنیل گواسکر نے اڑتیس سال کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی اور ان کا کہنا ہے کہ تینتیس سالہ گانگولی کو کھیلتے رہنا چاہیے۔
گواسکر کا کہنا تھا کہ ’ تینتیس سال کھیل چھوڑنے کی عمر نہیں۔ میں صرف گانگولی سے یہ کہوں گا کہ وہ بات صرف بیٹ کے ذریعے کریں۔ ان میں ابھی کافی کرکٹ باقی ہے۔ اگر میں تینتیس سال میں ریٹائر ہو جاتا تو چونتیس ٹیسٹ سنچریاں نہ بنا پاتا‘۔
گانگولی کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں مغربی بنگال کے لیے کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ تاہم یہ کہا جا رہا ہے کہ اگر وہ جلد ٹیم میں واپس نہ آ پائے تو بین الاقوامی کرکٹ چھوڑ دیں گے۔
بھارتی ٹیم کے کامیاب ترین کپتان سورو گانگولی کوگزشتہ اگست میں کوچ گریگ چیپل سے تنازعہ کے بعد ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا تاہم بعد ازاں پاکستان اور سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں گانگولی نے بھارت کی نمائندگی کی تھی۔