http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 25 February, 2006, 14:40 GMT 19:40 PST

مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور

دولت مشترکہ کھیلوں کا وفد

آسٹریلیا میں پچیس سے چھبیس مارچ تک ہونے والے دولت مشترکہ کھیلوں میں پاکستان کا چھہتر کھلاڑیوں اور افسران پر مشتمل ایک دستہ شرکت کرے گا۔ اس دستے میں سات خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

یہ بات پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جرنل ریٹائرڈ عارف حسن نے جرنل کونسل کے سالانہ اجلاس کے بعد اخباری کانفرنس میں بتائی۔

دولت مشترکہ کھیلوں میں پاکستان اتھلیٹکس، پیراکی، ہاکی،بیڈ منٹن، باکسنگ، سائیکلنگ، جمناسٹک، شوٹنگ، سکواش اور ٹیبل ٹینس میں حصہ لے رہا ہے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر صدر لیفٹیننٹ جرنل ریٹائرڈ عارف حسن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے یہ کھلاڑی گزشتہ سالوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے اور جہاں تک میڈلز کا سوال ہے پاکستان ہاکی اور باکسنگ میں میڈل لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شوٹنگ میں بھی ان کے دو تین شوٹر کافی اچھے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ وہ بھی کوئی قابل ذکر کارنامہ کر جائیں۔

لیفٹیننٹ جرنل ریٹائرڈ عارف حسن نے بتایا کہ انہوں نے تمام کھلاڑیوں اور کوچز کو مکمل ہدایت نامہ دے دیا ہے کہ انہوں نے کن ممنوعہ ادویات کے قریب بھی نہیں پھٹکنا اور انہیں اس پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کوئی کھلاڑی ڈوپ ٹیسٹ کی زد میں نہ آ سکے۔

لیفٹیننٹ جرنل ریٹائرڈ عارف حسن نے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے تمام سپورٹس فیڈریشنوں کو کہا تھا کہ اگلے سالانہ اجلاس تک ہر فیڈریشن میں خواتین کی نمائندگی بیس فیصد تک ہو جانی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ فیڈریشنوں نے تو یہ کام کر لیا ہے جبکہ باقی نے ابھی ایسا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان فیڈریشنوں کو تیس مارچ تک مہلت دی گئی ہے۔ ایسا نہ ہونے کی صورت میں ان کی سالانہ گرانٹ روک دی جائے گی۔