Tuesday, 21 February, 2006, 22:04 GMT 03:04 PST
بھارت کے کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین جگموہن ڈالمیا کو اپنے دور میں بورڈ کے فنڈز میں بے ضابطگیوں کے بارے میں وضاحت کرنے کو کہا گیا ہے۔
بھارت کے کرکٹ بورڈ نے جگموہن ڈالمیا کو اپنا جواب بورڈ کے سامنے پیش کرنے کے لیے ایک ہفتے کا نوٹس دیا ہے۔ اس نوٹس میں ڈالمیا سے کہا گیا ہے کہ بورڈ کے تمام بنک اکاونٹس کے بارے میں تفصیل فراہم کریں۔
کرکٹ بورڈ کے ایک سینئر اہلکار این سرینیواسن نے کہا ہے کہ بورڈ کے بعض اراکین نے ڈالمیا کے دور میں فنڈ کے استعمال پر اعتراضات اٹھائے تھے جس کے پیش نظر بورڈ نے انہیں وضاحت کرنے کو کہا ہے۔
سرینیواسن نے کہا کہ یہ انتہائی تشویش ناک بات ہے اور اس ضمن میں کوئی نہ کوئی قدم اٹھانا پڑئے گا جس کا فیصلہ بورڈ کے صدر شرد پوار کریں گے۔
بورڈ کے نائب صدر للت مودی نے زیادہ سخت رویہ اپناتے ہوئے ڈالمیا کے خلاف سن انیس سو چھانوے کے عالمی کپ کے دوران مالی بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا ہے۔ سن انیس سو چھانوے کا عالمی کرکٹ کپ بھارت نے پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر کرایا تھا۔
جگموہن ڈالمیا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف اٹھائے جانے والے اعتراضات بے بنیاد ہیں۔