http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 19 February, 2006, 05:34 GMT 10:34 PST

پاکستان کی لگاتار دوسری کامیابی

پاکستان نے بھارت کو چندی گڑھ میں ہاکی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر سیریز میں دو، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

ہفتے کو کھیلے گئے چھ میچوں کی اس سیریز کے دوسرے میچ میں مقابلہ پہلے ہاف میں بنا کسی گول کے برابر رہا تاہم دوسرے ہاف میں پاکستان کی جانب سے ریحان بٹ نے دو جبکہ طارق عزیز نے ایک گول کیا۔ بھارت کی جانب سے واحد گول سندیپ سنگھ نے کیا۔

میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑی کھیل پر چھائے رہے اور انہوں نے بھارتی گول پر چودہ حملے کیے۔ بھارت ٹیم ایک مرتبہ پھر متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی اور بیس ہزار تماشائیوں کی حمایت کے باوجود پاکستانی دفاع کو توڑنے میں ناکام رہی۔

میچ کے دوران دونوں ٹیموں کو دو ، دو پنلٹی کارنر ملے مگر کوئی بھی ٹیم اس سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔ پاکستان کے عمران وارثی کو میچ کا بہترین کھلای قرار دیا گیا۔
اس سیریز کا تیسرا میچ پیر کو جالندھر میں ہوگا جبکہ اس کے بعد دونوں ٹیمیں سیریز کے دوسرے مرحلے میں بقیہ تین میچ پاکستان میں کھیلیں گی۔