Friday, 17 February, 2006, 15:41 GMT 20:41 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان ٹیم کے فاسٹ بالر شعیب اختر کا جمعہ کے روز پانچ ماہر ڈاکٹروں نے معائنہ کیا اور جس کے بعد ان کے سری لنکا کے دورے سے آؤٹ ہونے کی خبر پر مہر ثبت ہو گئی۔
ان پانچ ڈاکٹرز میں سے ایک ڈاکٹر میثاق رضوی کا کہنا ہے کہ کھیلنا تو کیا شعیب اختر کو چھ ہفتے کے لیے چلنے پھرنے میں بھی مکمل احتیاط برتنی پڑے گی۔
ڈاکٹر میثاق نے کے مطابق شعیب اپنے جسم کے اوپری حصے کی ورزش تو کر سکتے ہیں لیکن انہیں اپنے پاؤں پر بوجھ ڈالنے کی ہر گز اجازت نہیں۔
شعیب اختر کے بون سکین اور ایم آر آئی سکین کی رپورٹس دیکھ کر ڈاکٹروں نے طے کیا کہ شعیب کے ٹخنے پر باریک ہڈی فیبولا پر دباؤ ہے اگرچہ ہڈی ٹوٹی نہیں ہے لیکن یہ دباؤ بھی کافی خطرناک ہے اس لیے شعیب اختر کو چھ ہفتے کے لیے مکمل آرام تجویز کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر گھٹنے کی تکلیف زیادہ ہوئی تو شعیب کو علاج کے لیئے بیرون ملک بھی بھجوایا جا سکتا ہے۔
اس سے یہ بات تو طے ہو گئی ہے کہ مارچ کے دوسرے ہفتے سے شروع ہونے والے سری لنکا کے دورے میں شعیب اختر کی شمولیت نا ممکن ہے جس سے یقیناً اس تیز رفتار بالر کے شائقین کو مایوسی ہو گی۔