Wednesday, 15 February, 2006, 15:56 GMT 20:56 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ملتان
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد آصف کو ایمپائر کی طرف نہ دیکھنے پر آئی سی سی میچ ریفری کرس براڈ نے جرمانہ کیا ہے۔
انہوں نے آئی سی سی کے قواعد و ضوابط کے مطابق لیول ون کے تحت محمد آصف پر میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ عائد کیا ہے جس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ محمد آصف اپیل کرتے وقت ایمپائرز کی طرف نہیں دیکھتے۔
لیول ون کے تحت زیادہ سے زیادہ جرمانہ میچ فیس کا پچاس فیصد بنتا ہے لیکن کرس براڈ کا کہنا ہے کہ چونکہ محمد آصف نئے بولر ہیں لہذا ان پر کم جرمانہ کیا گیا ہے تاہم انہیں چاہیے کہ وہ اپیل کرتے وقت ایمپائر کی طرف دیکھیں اور انہیں اہمیت دیں۔
محمد آصف نے بھارت کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئِے میچ میں سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ون ڈے میچوں میں بھی ان کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔