http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 10 February, 2006, 05:34 GMT 10:34 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام

شعیب اختر پھر ان فٹ ہوگئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ تیز بالر شعیب اختر ہفتے کو بھارت کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچ میں نہیں کھیلیں گے۔

شعیب کو راوالپنڈی کے ون ڈے کی ٹیم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ فزیو کی سفارش پر کیا گیا ہے جنہوں نے کہا تھا کہ اگر شعیب ٹخنے کی تکلیف کے ساتھ بالنگ کرتے رہے تو ان کے لئے اگلے میچوں میں کھیلنا اور مشکل ہو جائے گا۔

راولپنڈی میں ہفتے کو کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے سے ایک روز قبل ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انضمام نے کہا کہ اس بات کا بھی امکان ہے کہ شعیب اختر تیرہ فروری کو لاہور میں کھیلے جانے والے تیسرے میچ میں بھی نہ کھیل سکیں۔

تیسرے میچ کے بعد پاکستانی فزیو شعیب کے ٹخنے کے معائنے کے بعد یہ فیصلہ کریں گے کہ کیا انہیں چوتھے میچ میں کھیلنے دیا جائے یا نہیں۔