Wednesday, 08 February, 2006, 14:09 GMT 19:09 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام راولپنڈی
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سات کھلاڑیوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی طرف سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔
ان کھلاڑیوں میں کپتان راہول ڈراوڈ، سچن تندولکر، وریندرسہواگ، محمد کیف، یوراج سنگھ، ہربھجن سنگھ اور ظہیرخان شامل تھے۔ مائیکل ہولڈنگ، ارون لعل اور شعیب اختر بھی دعوت میں مدعو تھے۔
عمران خان نے اس موقع پر فاسٹ بولر ظہیرخان کو مفید مشورے دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی بولنگ کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرفان پٹھان اور ظہیرخان اپنی خامیوں کو دور کرکے کارکردگی میں نمایاں بہتری لاسکتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ظہیرخان کو بولنگ کرتے وقت اپنے دائیں بازو کے زاویئے کا خیال رکھنا ہوگا اسی طرح سابق پاکستانی کپتان کے خیال میں عرفان پٹھان کو بال کی گرفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جب وہ کھیلتے تھے تو جان اسنو اور مائیکل ہولڈنگ سے مشورے کرتے تھے اور اب وہ کسی بھی بولر کی رہنمائی میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز جیت جائے گی کیونکہ اسے انیل کمبلے اور ہربھجن سنگھ کی خدمات حاصل ہونگی۔