Tuesday, 07 February, 2006, 19:05 GMT 00:05 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پشاور میں پیر کے روز ہونے والے ایک روزہ میچ میں سست رفتاری سے اوورز پھینکنے کی پاداش میں بھارتی ٹیم کے کپتان راہول ڈراوڈ کی میچ فیس کا بیس فیصد حصہ کاٹ لیا گیا ہے جبکہ ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کی میچ فیس میں سے بھی دس دس فیصد کی کٹوتی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کے قانون کے مطابق جتنے اوور کم پھینکیں جائیں گے ٹیم کے ہر ممبر کو ہر اوور پر پانچ فیصد میچ فیس کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا جبکہ ٹیم کے کپتان پر اس سے دو گنا جرمانہ کیا جائے گا۔
بھارتی ٹیم نے پہلے ایک روزہ میچ میں دو اوور کم پھینکے۔
ان کے دو اوور کم پھینکنے کی ایک وجہ تو یہ ہو سکتی ہے کہ بھارتی کھلاڑی عرفان پٹھان کو تیسویں اوور میں تماشائیوں نے کوئی تیز دھار چیز ماری جس کے سبب کچھ دیر میچ رکا رہا۔
بھارتی ٹیم کو دو اوور کم پھینکنے کے سبب اپنی میچ فیس کے کچھ حصے سے تو ہاتھ دھونا پڑا ساتھ ہی کم روشنی کے سبب میچ ختم کرنا پڑا جس کے نتیجے میں ڈک ورتھ کے قانون کے تحت بھارتی ٹیم کو شکست کا سامنا ہوا۔
بھارتی ٹیم کے کپتان راہول ڈراوڈ کا ڈک ورتھ کے قانون کے تحت ہونے والی اس شکست پر کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے مایوس کن ہے، ’اگر میچ پورا ہوتا تو کچھ بھی نتیجہ ہو سکتا تھا ہم پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ بھی کر سکتے تھے کیونکہ کرکٹ میں کسی وقت بھی کچھ ہو سکتا ہے جس سے میچ کی صورتحال یکسر بدل بھی سکتی ہے‘۔