Monday, 06 February, 2006, 15:24 GMT 20:24 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق کو بھارت کے خلاف پشاور کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ آؤٹ دیا گیا۔
وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں اس طرح آؤٹ ہونے والے تیسرے بیٹسمین ہیں ان سے قبل پاکستان کے رمیز راجہ اور بھارت کے مہندر امرناتھ آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ آؤٹ ہوچکے ہیں۔
انضمام الحق نے سری سانتھ کی گیند سریش رائنا کی طرف کھیلی جنہوں نے وکٹ کی طرف تھرو کیا انضمام الحق نے تھرو اپنے بلے سے روک لیا جس پر امپائر سائمن ٹافل نے انہیں آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ آؤٹ دے دیا۔
انضمام الحق کو اس طرح آؤٹ دیے جانے کا یقین نہیں آیا اور انہوں نے امپائر ٹافل سے اس بارے میں استفسار کیا۔
میچ کے بعد وہ کوچ باب وولمر کے ساتھ امپائرز کے پاس بھی گئے اس بار ے میں وولمر کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد صرف قانون کے بارے میں معلوم کرنا تھا انضمام الحق آؤٹ تھے انہیں گیند کو بلے سے نہیں روکنا چاہیے تھا۔
میچ کے بعد رمیز راجہ نے انضمام الحق کو آؤٹ ہونے پر مذاقا مبارکباد دی کیونکہ رمیز راجہ بھی آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ آؤٹ ہوچکے ہیں۔
انضمام الحق نے اپنے آؤٹ ہونے پر حیرانگی ظاہر کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف فیصل آباد ٹیسٹ میں ہارمیسن کی تھرو پر خود کو بچانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوئے تھے۔