ایک عرب ٹیلی ویژن پر ایک برطانوی سمیت تین دیگر مغربی شہریوں کو اغوا کاروں کے قبضے میں دکھایا گیا ہے۔
چوہتر سالہ برطانوی شہری کیمبر کو دو کینیڈین اور ایک امریکی شہری سمیت چھبیس نومبر کو اغوا کیا گیا تھا۔ آخری مرتبہ انہیں سات ہفتے پہلے ایک ٹی وی کو بھیجے گئے ویڈیو میں دیکھا گیا تھا۔
الجزیرہ ٹی وی پر نشر ہونے والی اس ویڈیو میں ’سچائی کی تلوار‘ نامی ایک گروہ مطالبہ کیا ہے کہ سب عراقی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ اس نے کہا کہ اگر اس کا مطالبہ نہ مانا گیا تو چاروں یرغمالی ہلاک کر دیے جائیں گے۔
ٹیپ میں چاروں یرغمالیوں کو ایک دیوار کے ساتھ لگے دکھایا گیا ہے اور اس پر اکیس تاریخ درج ہے۔
چاروں یرغمالی کیمرے کی طرف دیکھ کر بات کر رہے ہیں لیکن ان کے الفاظ سنے نہیں جا سکتے۔
الجزیرہ نے کہا ہے کہ اس نے پورا ٹیپ چلایا ہے۔ تاہم اس نے یہ نہیں بتایا کہ اسے ٹیپ کس طرح ملا ہے۔