Monday, 23 January, 2006, 04:54 GMT 09:54 PST
فیصل آباد میں بھارت نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پانچ وکٹ کے نقصان پر 441 رن بنا لیے ہیں۔
جب کھیل ختم ہوا تو اس وقت عرفان پٹھان اور مہندر دھونی کریز پر موجود تھے۔ دھونی چودہ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے سنچری بنانے کے بعد 116 رن پر کھیل رہے ہیں جبکہ عرفان پٹھان نے 49 رن بنائے ہیں۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان 160 رن کی پارٹنر شپ ہو چکی ہے۔
بھارت کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی سچن تندولکر تھے جنہیں شعیب اختر نے آؤٹ کیا۔ یوراج سنگھ 4 رن بنا کر محمد آصف کی گیند پر دانش کنیریا کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ اس سے پہلے کپتان راہول ڈراوڈ سنچری بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔ وی وی ایس لکشمن دانش کنیریا کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ انہوں نے 90 رن بنائے۔ ڈراوڈ اور لکشمن کے درمیان 197 رن کی پارٹنر شپ ہوئی۔
پاکستان کی جانب سے شعیب اختر، دانش کنیریا، عبدالرزاق اور محمد آصف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔
گزشتہ روز کھیل کےاختتام پر بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر110 رن بنائے تھے۔ اور جب کھیل ختم ہوا تھا تواس وقت کپتان راہول ڈراوڈ 46 اور لکشمن 38 رن پر ناٹ آؤٹ تھے۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں انضمام الحق اور شاہد آفریدی کی شاندار سنچریوں کی بدولت 588 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
![]() | |
| لکشمن اور ڈراوڈ کے درمیان 197 رن کی پارٹنر شپ ہوئی |
بھارتی ٹیم : راہول ڈراوڈ (کپتان)، وریندر سہواگ، وی وی ایس لکشمن، سچن تندولکر، یوراج سنگھ، مہندر دھونی، عرفان پٹھان، انیل کمبلے، آر پی سنگھ ، ظیہر خان اور ہربھجن سنگھ۔