Friday, 06 January, 2006, 02:12 GMT 07:12 PST
ہانگ کانگ میں ہونے والے چیمپئنز چیلنج کے ایک نمائشی میچ میں امریکہ کی پانچ مرتبہ گرینڈ سلام جیتنے والی وینس ولیمز نے انڈیا کی ثانیہ مرزا کو چھ۔تین، چھ تین سے ہرا دیا ہے۔
جمعرات کو ہونے والے میچ کے شروع میں وینس کو کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ان سے غلطیاں ہوئیں لیکن بعد میں انہوں نے ران میں تکلیف کے باعث ٹائم آؤٹ لیا۔ اس وقت وہ دو۔ تین سے ہار رہی تھیں۔ لیکن جب دوبارہ کھیل شروع ہوا تو انہوں نے ثانیہ کے خلاف اچھا کھیلنا شروع کر دیا اور انہیں ہرا دیا۔
ثانیہ مرزا نے بہت محنت کی اور ومبیلڈن کی چیمپئن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا لیکن ولیمز کی شاٹس کا وہ زیادہ دیر تک سامنا نہیں کر سکیں اور بالآخر جیت ولیمز کی ہوئی۔
اب ولیمز کا سیمی فائنلز میں مقابلہ امریکہ کی ہی لنڈسے ڈیونپورٹ سے ہو گا۔
![]() | |
| وینس ولیمز میچ جیتنے کے بعد ثانیہ سے ہاتھ ملا رہی ہیں |
انہوں نے کہا کہ انہیں بڑی مشکل کا سامنا کرنا پڑا تھا، وہ اپنی ٹانگ بھی نہیں ہلاک پا رہی تھیں۔
تاہم ثانیہ مرزا نے کہا کہ انجری کا وقفہ کافی مایوس کن تھا۔
’ہو سکتا ہے کہ اس نے میرا ردھم توڑ دیا ہو۔ باہر سردی تھی اور جب آپ پندرہ منٹ کے بعد اندر سے باہر آتے ہیں تو کچھ مشکل ہوتی ہے‘۔
تاہم ثانیہ مرزا نے کہا کہ ’یہ کھیل کا حصہ ہے، کوئی بہانہ نہیں ہونا چاہیئے۔ میں نے بھرپور مزہ لیا‘۔