Thursday, 05 January, 2006, 15:27 GMT 20:27 PST
صلاح الدین
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
بھارت کرکٹ ٹیم کےکوچ گریگ چیپل نے کہا کہ پاکستان دورے کے لیے انہوں نے کوئی خاص منصوبہ تیار نہیں کیا ہے لیکن وقت اور حالات کے مطابق حکمت عملی اپنائی جائےگی۔ٹیم کی روانگی سے قبل انہوں نے کہا کہ’ہماری کوشش ہوگی کہ ٹیم پاکستان کے ساتھ بھی اچھا کھیلے۔ یہ اس کے لیے اچھی کار کردگی جاری رکھنے کا بہتر موقع ہے‘۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کرکٹ بورڈ کے صدر اور مرکزی وزیر شرد پوار بھی میچ دیکھنے کے پاکستان جائیں گے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کا کہنا ہے کہ کھلاڑی صرف کھیلنے نہیں بلکہ خیر سگالی کے جذبات کے ساتھ پاکستنیوں کا دل جیتنے جارہے ہیں۔
ٹیم کی روانگی سے قبل دلی میں ایک پریس کانفرس میں ٹیم کے کپتان راہول ڈراوڈ نے کہا کہ ’بیرونی ملک کا ہر دورہ چیلجیز سے پر ہوتا ہے اور یہ بھی ہے لیکن دونوں ٹیمیں اچھا کھیل رہی ہیں اور دونوں کے درمیان بہتر مقابلے کی توقع ہے۔
اس دورے سے پورے برصغیر کے کرکٹ شائقین کو لگاؤ ہے اس لیے پوری سیریز دلجسپ ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں راہول ڈراڈ نے کہا کہ کسی ایک یا دو پاکستانی کھلاڑیوں سے خطرہ نہیں ہے بلکہ پوری ٹیم ہی اچھی ہے اور ہمیں بھی اسی طرح اجتماعی کوشش کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ’دونوں ٹیموں کے پاس اچھے گیند باز ہیں اور جو حالات کے مطابق اچھی بالنگ کرےگا وہی جیتے گا‘۔
ڈراوڈ کا کہنا تھا کہ کپتان کی حیثیت سے ان پرکئی ذمہ داریاں ہیں لیکن وہ رن سکور کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔
ان سے جب انظمام الحق کے اس بیان کے متعلق پوچھا گیا کہ بھارت کی ٹیم زیادہ فیورٹ ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ’ کھیل میں ان چیزوں کی زیادہ اہمیت نہیں ہوتی ہے۔ یہ محض سوال و جوابات ہیں سچ تو یہ ہے کہ دونوں ہی اچھی ٹیمیں ہیں اور مقابلہ اچھا ہوگا‘۔
پریس کانفرنس میں بورڈ کےصدر شرد پوار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ تیرہ اور چودہ جنوری کو ٹیسٹ میچ دیکھنے کے لیے وہ لاہور جائیں گے۔
بھارتی ٹیم کے بارہ کھلاڑی آج جائیں گے جبکہ چار کھلاڑی دو روز کی تاخیر سے پاکستان روانہ ہوں گے۔