http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 24 December, 2005, 11:38 GMT 16:38 PST

شعیب ملک کی ایڑی کا آپریشن

دورۂ بھارت میں پاکستان کی نمائندگی کی خاطر پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک نے اپنی ایڑی کا آپریشن کروا لیا ہے۔

شعیب ملک کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران پاؤں میں گٹّوں کی وجہ سے شدید تکلیف کا سامنا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ ’ ڈاکٹروں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ آپریشن کروا لیں کیونک اس حالت میں وہ بھارت کے خلاف نہیں کھیل سکتے تھے۔ وہ اب بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل فٹ ہو جائیں گے‘۔

شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ’ مجھے بیٹنگ اور بولنگ کرتے ہوئے شدید درد ہوتا تھا کیونکہ اس سے میری ایڑیوں پر بوجھ پڑتا تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ میں اب ایک ہفتے بعد کھیل سکوں گا‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ’ بھارت کے خلاف سیریز میرے لیے بہت اہم ہے اور انگلینڈ کے خلاف ایک اطمینان بخش سیریز کے بعد میں ٹیم میں اپنی جگہ پکّی کرنا چاہتا ہوں‘۔

یاد رہے کہ شعیب ملک کو مشکوک بولنگ ایکشن کے الزام سے اسی ماہ کلیئر کیا گیا ہے۔ شعیب ملک نے پاکستان کے لیے بارہ ٹیسٹ اور ایک سو سات ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔