Monday, 19 December, 2005, 10:20 GMT 15:20 PST
پرتھ میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں 85 رن بنائے ہیں اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں۔
اس طرح میچ جیتنے کے لیے جنوبی افریقہ کو مزید 406 رن کی ضرورت ہے جبکہ اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔
جنوبی افریقہ کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں کپتان سمتھ تیس اور ڈی ویلیئرز بارہ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے شین وارن اور ناتھن بریکن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 528 رن 8 کھلاڑی آؤٹ پر ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور یوں جنوبی افریقہ کو یہ میچ جیتنے کے لیے 491 رن کا ہدف فراہم کیا تھا۔
آسٹریلیا کی اننگز کی سب سے اہم بات تیسرا ٹیسٹ کھیل رہے بریڈ ہوج کی ڈبل سنچری تھی۔ ہوج نے 203 رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے یہ سنچری بائیس چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔
اس سے قبل چوتھے دن جب آسٹریلیا نے 310 رن چار کھلاڑی آؤٹ کے سکور کر کھیل شروع کیا تو مائیکل ہسی دن کے پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں ایڈم گلکرسٹ نے 44 رن بنائے جبکہ ناتھن بریکن نے ہوج کے ساتھ مل کر نویں وکٹ کی شراکت میں 77 رن بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لینگی ولٹ نے تین، پولاک نے دو جبکہ نٹنی، نیل اور کیمپ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔