Sunday, 18 December, 2005, 02:03 GMT 07:03 PST
انگلینڈ کے آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹوف نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی کوشش ہو گی کہ پاکستان میں ہونے والے آخری دو ایک روزہ میچوں میں بہتر کارکردگی دکھائے۔
ایک روزہ میچوں میں انگلینڈ کی ٹیم اس وقت پاکستان سے دو ایک سے پیچھے ہے جبکہ ٹیسٹ سیریز پہلے ہی پاکستان دو صفر سے جیت چکا ہے۔
فلنٹوف نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم سال کا اختتام اچھے طریقے سے کریں۔ ’یہ بہت مایوسی کی بات ہو گی کہ ہم موسمِ گرما میں کی گئی اتنی محنت کے بعد (سال کا) اختتام ہار پر کریں‘۔
انہوں نے کہا: ’سیدھی بات ہے یہ ہے کہ ہمارے پاس دو میچ باقی رہ گئے ہیں اور ہمیں یہ دونوں جیتنے ہیں۔ یہ اچھا ہو گا کہ ہم اپنے ساتھ کچھ واپس لے کر جائیں‘۔
’میں کرسمس کے بعد آرام کرنے کا منتظر ہوں۔ اگر میں نہ کہوں تو میں جھوٹ بول رہا ہوں گا۔ لیکن میرے پاس ابھی دو گیمز باقی ہیں اور اس کے بعد میں کچھ عرصے کے لیے آرام کروں گا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’جب آپ کے ہاتھ میں گیند ہو اور آپ کے سامنے شاہد آفریدی یا عبدالرزاق جیسے کھلاڑی کھیل رہے ہوں تو آپ کے پاس اپنی تھکاوٹ کے متعلق سوچنے کا وقت نہیں رہ جاتا۔ کیونکہ اگر آپ سہی جگہ گیند نہیں کریں گے تو وہ (گیند) غائب ہو جائے گی‘۔
انگلینڈ کے پاس اس وقت مائیکل وان، ایشلے جائلز اور کیون پیٹرسن نہیں ہیں۔ لیکن فلنٹوف کا کہنا ہے کہ ون ڈے میں ٹیم کی بری کارکردگی کو ان کی غیر موجودگی کا بہانہ بنا کر ٹالا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے کئی ایک روزہ میچوں میں اچھی کارکردگی بھی دکھائی ہے۔ ’ہمیں صرف اپنے کھیل کا معیار ذرا اور بہتر بنانا ہے‘۔