http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 17 December, 2005, 10:39 GMT 15:39 PST

راہول ڈراوڈ کی شمولیت مشکوک

بھارت کی ٹیم کے کپتان راہول ڈراوڈ پیٹ میں تکلیف کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہو گئے ہیں اور ان کی اتوار سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں شمولیت مشکوک ہو گئی ہے۔

دوسرے ٹیسٹ سے پہلے بھی راہول ڈراوڈ فلو کا شکار ہوئے تھے لیکن ٹیسٹ سے پہلے ٹھیک ہونے کی وجہ سے میچ میں حصہ لیا۔

سلیکشن کمیٹی راہول ڈراوڈ کو ٹیم میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ اتوار کو کرے گی۔ اگر راہول ڈراوڈ اتوار سے پہلے فٹ نہ ہوئے تو وریندر سہواگ کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

وریندر سہواگ بھی دوسرے ٹیسٹ میں بیماری کی وجہ سے حصہ نہیں لے سکے تھے اور ان کی جگہ پہلی اننگز میں راہول ڈراوڈ اور دوسری اننگز میں آل رونڈر عرفان پٹھان نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔

بھارت نے دوسرا میچ جیت کر سیریز میں دو ایک سے برتری حاصل کر رکھی ہے اور اگر اس نے تیسرا ٹیسٹ جیتنے یا برابر کرنے کی صورت میں وہ نہ صرف سری لنکا کے خلاف سیریز جیت جائے گا بلکہ ٹیسٹ میچوں کی دوسری بہترین ٹیم کا اعزاز حاصل کر لی گی۔

اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آسٹریلیا، دوسرے نمبر پر انگلینڈ اور تیسرے نمبر پر بھارت ہے ۔ تیسرے ٹیسٹ میں فتح یا برابری بھارت کو ایک پوزیشن اوپر لے جائے گی جبکہ انگلینڈ کی تیسری پوزیشن پر آ جائی گی۔

تیسرا ٹیسٹ انیل کملبے کے لیے بہت اہم ہے ۔ کمبلے کی تیسرے ٹیسٹ میں شمولیت سے وہ کپل دیو، سچن تندولکر، سنیل گواسکر، وینگسرکار، اظہرالدین کے بعد سو ٹسیٹ میچ کھیلنے والا چھٹا کھلاڑی بن جائیں گے۔