Monday, 12 December, 2005, 15:51 GMT 20:51 PST
انگلینڈ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے کپتان انضمام الحق نے ایک روزہ میچوں میں گیارہ ہزار رن بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
انضمام الحق نے قدافی اسٹیڈیم میں تمائشائیوں کی زبردستی تالیوں میں اپنے گیارہ ہزار رن بنائے۔
پیر کو ہونے والے دوسرے ون ڈے میچ میں انضمام الحق نے صرف پچیس گیندوں پر اکتیس رنز بنا کر پاکستان کی جیت کو یقینی بنایا۔اس اننگز میں انضمام الحق نے چھ چوکے لگائے۔
انضمام الحق اس سے قبل ٹیسٹ میچوں میں بھی دس ہزار رن مکمل کر چکے ہیں۔
انضمام نے اپنے گیارہ ہزار رن انتالیس عشاریہ سات نو کی اوسط سے بنائے ہیں۔ ایک روزہ میچوں میں انضمام نے دس سینچریاں اور بیالیس نصف سنچریاں بنائی ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کی طرف سے سعید انور ایک روزہ میچوں میں آٹھ ہزار آٹھ سو تیئس رن اور جاوید میانداد سات ہزار تین سو اکاسی رن بنا چکے ہیں۔جاوید نے یہ رن اکتالیس عشاریہ ستر رن کی اوسط سے بنائے تھے۔