Monday, 12 December, 2005, 07:10 GMT 12:10 PST
اینڈریو فلنٹوف کو بی بی سی سپورٹس پرسنیلٹی آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔
اینڈریو فلنٹوف چوبیس سال میں بی بی سی کے سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ پانے والے پہلے کرکٹر ہیں۔
فلنٹوف نے ایشز سیریز میں شاندار کارکردگی دکھا کر انگلینڈ کو فتح دلوائی تھی اور مین آف دی سیریز کرار پائے تھے۔
انگلینڈ نے 1987 کے بعد پہلی مرتبہ ایشز سیریز جیتی تھی۔
کشتی رانی کی ریکارڈ یافتہ چیمپئن ایلن میکارتھر پبلک ووٹ میں دوسرے نمبر پر اور لیورپول کے فٹبالر سٹیوون گیرارڈ تیسرے نمبر پر رہے۔
فلنٹوف نے پاکستان میں آئن بوتھم کے ہاتھوں اپنا ایوارڈ وصول کیا۔
وہ ایشز سیریز میں 24 وکٹ حاصل کر کے انگلینڈ کے بالروں میں سرِ فہرست رہے تھے اور وہ دونوں ٹیموں میں شامل ان تین بیٹسمینوں میں سے ایک تھے جنہوں نے سیریز میں 400 رنز بنائے تھے۔
بی بی سی کے ایوارڈ کے لیے آسٹریلیا کے مایہ ناز سپنر شین وارن 2005 کے بہترین غیر ملکی کھلاڑی شخصیت قرار پائے۔
شین وارن یہ ایوارڈ اتوار کے روز مشہور کھلاڑی اور مبصر رچی بینو سے وصول کیا۔
چھتیس سالہ شین وارن کو یہ ایوارڈ انگلینڈ میں ہونے وا لی ایشز سیریز میں چالیس وکٹیں حاصل کرنے کی بنا پر دیا گیا۔
شین وارن نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں ، 645 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
بی بی سی ایوارڈ کے لیے شین وارن کے مد مقابل غیر ملکی کھلاڑیوں میں فارمولا ون چیمپیئن فرنینڈو الانسو، چھ دفعہ ٹور ڈی فرانس جیتنے والا لانس آرمٹسرانگ اور ویمبلڈن چمپیئن راجر فریڈرر شامل تھے۔
بی بی سی کے پروگرام ایڈیٹر فلپ برنی نے کہا کہ شین وان نے اپنے صلاحیتوں سے کرکٹ کے کھیل کو اور قابل دید بنا دیا ہے اور انہوں نے اپنے کھیل اور شخصیت سے لاکھوں شائقین کو تفریح فراہم کی ہے۔
بی بی سی کے ایڈیٹر نے کہا کہ شین وارن کی کامیابیوں نے ان کو سپورٹس سپر سٹار بنا دیا ہے اور وہ اس اعزاز کے لیے سب سے بہترین کھلاڑی ہیں۔