Sunday, 11 December, 2005, 15:28 GMT 20:28 PST
چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے دن بھارت نے پاکستان کو پول میچ میں دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے۔
میچ کے پہلے ہاف میں اگرچہ بھارت کی ٹیم کو چار پنلٹی کارنر سمیت متعدد مواقع ملے لیکن وہ اس فائدہ نہ اٹھا سکی۔
میچ کا پہلا گول پاکستان کی جانب سے چونویں منٹ میں محمد عمران نے پنلٹی کارنر کیا۔ برتری حاصل کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم نے بھارتی گول پر متعدد حملے کیے اور ستاونویں منٹ میں طارق عزیز نے گول کر کے پاکستان کی برتری دو صفر کر دی۔
اس موقع پر ایسا لگتا تھا کہ پاکستان اس میچ میں فتح حاصل کر لے گا مگر بھارتی فارورڈز نے اپنی کوشش جاری رکھی اور دوسرے ہاف کے ساٹھویں منٹ میں تشار کھنڈیکر نے فیلڈ گول کر کے پاکستان کی برتری کم کر دی۔
اگلے ہی منٹ میں بھارتی ٹیم کو پنلٹی کارنر ملا جس پر سندیپ سنگھ نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ کھیل ختم ہونے سے دو منٹ قبل سندیپ سنگھ نے پنلٹی کارنر پر میچ کا فیصلہ کن گول کر دیا۔
اس میچ کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بھارت تین پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے جبکہ پاکستان اپنے دونوں میچوں میں شکست کھانے کے بعد آخری نمبر پر ہے۔
یاد رہے کہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی دن ہالینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا تھا۔