http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 10 December, 2005, 11:31 GMT 16:31 PST

نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو ہرا دیا

نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کے تین سو اکتیس رنز کا ہدف انچاس اوور میں حاصل کر کے نہ صرف میچ جیتا بلکہ ون ڈے کرکٹ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

تفصیلی سکور کارڈ

آسٹریلیا نے مقررہ پچاس اوروں میں 331 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو ایک مشکل ٹارگٹ دیا لیکن نیوزی لینڈ نے 332 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ یہ کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا ٹارگٹ حاصل کر نے کا ریکارڈ ہے۔

نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر سکاٹ سٹائرس نے چورانوے گیندوں پر بارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

سکاٹ سٹائرس کے علاوہ برینڈن میکلم نے آخری اوروں میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 25 گیندوں پر چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے پچاس رنز بنا کر نیوزی لینڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے پہلے آسٹریلیا نے سات کے مجموعی سکور پر وکٹیں گرنے کے باوجود 331 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی اننگز میں کپتان رکی پونٹنگ 75، اور ڈیوڈ کلارک کے 74 رنز نے اہم کردار ادا لیکن مائیکل ہسی نے آخری اوروں میں شاندار بیٹنگ کی اور صرف چھپن گیندوں پر پانچ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے اٹھاسی رنز سکور کیے۔