http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 10 December, 2005, 06:27 GMT 11:27 PST

انگلینڈ نے پاکستان کو ہرا دیا

لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو بیالیس رن سے شکست دے دی ہے۔

اس فتح کے نتیجے میں انگلینڈ کو پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

تفصیلی سکور کارڈ کے لیے کلک کریں

انگلینڈ کے 327 رن کے جواب میں پاکستان کی ٹیم سنتالیسویں اوور میں 285 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی دانش کنیریا تھے جو فلنٹوف کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ رانا نوید الحسن ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان بٹ، محمد یوسف، شعیب ملک اور یونس خان نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ سلمان بٹ 67، محمد یوسف 59، یونس خان 60 جبکہ شعیب ملک 50 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے اینڈریو فلنٹوف اور لیئم پلنکٹ نے تین، تین جبکہ جیمز اینڈرسن، کالنگ وڈ اور ہارمیسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر 327 رن بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے اینڈریو سٹراس، کیون پیٹرسن اور اینڈریو فلنٹاف نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ اینڈریو فلنٹاف 72 جبکہ پال کالنگ وڈ 34 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اینڈریو سٹراس کو چورانوے رن کی شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی اینڈریو سٹراس 94 رن بنا کر دانش کنیریا کی گیند پر کیچ ہوئے۔ کیون پیٹرسن کو 56 کے انفرادی سکور پر شعیب ملک کی گیند پر کامران اکمل نے سٹمپ کیا۔ میتھیو پرائر 45 رن بنا کر محمد سمیع کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ ٹریسکوتھک نے12 رن بنائے۔ وہ رانا نوید الحسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد سمیع، رانا نوید الحسن، شعیب ملک اور دانش کنیریا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی ٹیم میں جہاں یونس خان کی واپسی ہوئی وہیں آل راؤنڈر عبدالرزاق بھی دوبارہ ٹیم کا حصہ بن گئے۔ وہ چوٹ کے سبب انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔ پاکستان ٹیم میں آف سپنر ارشد خان کو ’سپر سب‘ کی حیثیت سے ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پاکستان کی ٹیم
انضمام الحق، سلمان بٹ، شعیب ملک، محمد یوسف، یونس خان، عبدالرزاق، دانش کنیریا، محمد سمیع، شعیب اختر، کامران اکمل، رانا نوید الحسن اور ارشد خان(سپر سب)۔

انگلینڈ کی ٹیم
مارکس ٹریسکوتھک، میتھیو پرائر، پال کالنگ وڈ، این بیل، اینڈریو سٹراس، اینڈریو فلنٹاف، کیون پیٹرسن، جیمز اینڈرسن، وکرم سولنکی،گیرائنٹ جونز، سٹیو ہارمیسن اور لیئم پلنکٹ(سپر سب)۔