http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 02 December, 2005, 13:34 GMT 18:34 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور

انضمام الحق کو کس کا انتظار ہے؟

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ کو اپنے نام کرنے کے بعد اب ان کے سب سے زیادہ رنز کے ریکارڈ کی طرف بڑھ رہے ہیں لیکن انہیں ابھی جاوید بھائی کی مبارکباد کا انتظار ہے۔

لاہور ٹیسٹ کے چوتھے دن کے اختتام پر انضمام الحق نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی صورت میں ان کا جاوید میانداد سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔

جب انضمام الحق سے پوچھا گیا کہ کیا میانداد نے آپ کو اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی ہے؟ تو پاکستانی کپتان نے ہنستے ہوئے جواب دیا’ان کی مبارکباد کا انتظار ہے‘۔

انضمام الحق کم روشنی کے سبب ہر روز کئی اوورز کے ضائع ہونے سے پریشان ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی چھ روزہ ٹیسٹ کی تجویز کو انضمام الحق قابل عمل قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چھ روزہ ٹیسٹ میں لازمی نتیجہ آئے گا جو خوش آئند بات ہے۔

چند سال پہلے تک نتیجہ نہ آنے کے سبب ٹیسٹ کرکٹ میں لوگوں کی دلچسپی ختم ہورہی تھی لیکن اب لوگ دوبارہ ٹیسٹ کرکٹ میں دلچسپی لے رہے ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ ٹیسٹ میچز نتیجہ خیز ثابت ہورہے ہیں۔