http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 26 November, 2005, 14:59 GMT 19:59 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

’کراچی ون ڈے کو خطرہ نہیں‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف کراچی کے ون ڈے کو کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم اس بارے میں واضح صورتحال پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئرمین شہریارخان اورانگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چئرمین ڈیوڈ مورگن کی ملاقات کے بعد ہی سامنے آئے گی۔

ڈیوڈ مورگن اتوار کو پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ کراچی میں پندرہ نومبر کے بم دھماکے کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل کا انعقاد بے یقینی کا شکار ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایڈہاک کمیٹی کے اجلاس کے بعد چئرمین شہریارخان کو یقین ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پندرہ دسمبر کو ون ڈے معمول کے مطابق ہوگا۔

شہریارخان اپنے ہم منصب ڈیوڈ مورگن کو بھی اس بارے میں قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

شہریارخان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کے بارے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی رپورٹس برطانوی ہائی کمیشن اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو بھجوادی گئی ہیں اور یہ رپورٹس بقول ان کے تسلی بِخش ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے شعیب ملک کو آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن وہ ون ڈے میچوں کے لیے دستیاب ہونگے۔

پی سی بی نے پچ خراب کرنے پر شاہد آفریدی کے خلاف مزید کارروائی کے بارے میں محض وارننگ دیتے ہو ئے مسقبل میں محتاط رویہ اپنانے کے لیے کہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے موجودہ سلیکشن کمیٹی پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے اس کی تبدیلی کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔