Wednesday, 23 November, 2005, 04:29 GMT 09:29 PST
فیصل آباد ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان ایک سو ننانوے کی مجموعی برتری حاصل کر لی ہے اور اس کی چار وکٹیں باقی ہیں۔
سلمان بٹ صرف چار رنز کے اضافے کے بعد شان یوڈال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ان کے بعد محمد یوسف اور انضمام الحق نے سکور ایک سو چونسٹھ رنز پر پہنچا دیا لیکن اینڈریو فلنٹاف نے دو مسلسل گیندوں پر محمد یوسف اور شاہد آفریدی کو بولڈ کر کے انگلینڈ کی پوزیشن کو بہتر کر دیا۔
کامران اکمل نے اینڈریو فلنٹاف کو ہیٹ کرنے سے تو روک لیا لیکن وہ بھی زیادہ دیر سکور نہ کر سکے اور صرف نو رنز بنا کر سٹیو ہارمیسن کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
میچ کے چوتھے روز پاکستان کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں شیعب ملک 26، سلمان بٹ، 50،یونس خان، 27،محمد یوسف، 20، شاہد آفریدی،0، اور کامران اکمل نے 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے ۔
کپتان انضمام الحق41 رنز پر کھیل رہے ہیں اور پاکستان کی مجموعی برتری199 رنز کی ہے۔
اس سے پہلے انگلینڈ کی پوری ٹیم 446 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی اور پاکستان کو پہلے اننگز میں 16 رنز کی لیڈ ملی۔
شان یوڈال اور سٹیو ہارمیسن نے آخری وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنا کر پہلی اننگز میں بڑی لیڈ لینے کی پاکستانی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
میچ کے چھوتھے روز گرنے والی تین وکٹوں میں سے دو شاہد آفریدی نے حاصل کیں جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔شاہد آفریدی نے مجموعی طور پر اننگز میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی طرف سے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی سٹیوہارمیسن تھے جو 16 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
بدھ کے روز آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی ایشلے جائلز تھے جو 26 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
ایشلے جائلز کی جگہ گراؤنڈ میں آنے والے ہوگرڈ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور صرف دو رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
انگلینڈ کے آف سپنر شان یوڈال 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی ٹیم
انضمام الحق، سلمان بٹ، شعیب ملک، محمد یوسف، یونس خان، دانش کنیریا، محمد سمیع، شعیب اختر، کامران اکمل، رانا نوید الحسن اور شاہد آفریدی۔
انگلینڈ کی ٹیم
مائیکل وان، مارکس ٹریسکوتھک، این بیل، اینڈریو سٹراس، اینڈریو فلنٹاف، کیون پیٹرسن، ایشلے جائلز، گرائنٹ جونز، سٹیو ہارمیسن، میتھیو ہوگارڈ اور شان اڈل۔