Tuesday, 22 November, 2005, 11:17 GMT 16:17 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، فیصل آباد
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین وسیم باری کا کہنا ہے کہ اگلے ٹیسٹ میچ میں شاہد آفریدی کی غیر موجودگی سے ٹیم غیر متوازن ہو سکتی ہے۔
وسیم باری کے مطابق شاہد آفریدی ایک منفرد کھلاڑی ہیں اور اس ٹیسٹ میچ میں ان کی فارم بھی بہت اچھی ہے۔ وہ ایک اچھے آل راؤنڈر بھی ہیں لہذٰا کسی کھلاڑی کوان کا متبادل نہیں سمجھا جا سکتا۔
وسیم باری کے خیال میں شاہد آفریدی ایک تجربہ کار اور ذمہ دار کھلاڑی ہیں اور انہوں نے پچ خراب کرنے کی کوشش کیوں کی یہ ان کی سمجھ سے بالا تر ہے۔
وسیم باری نے کہا کہ اس ضمن میں ان کا شاہد آفریدی سے رابطہ نہیں ہو سکا تاہم وہ ان سے پوچھنا چاہیں گے کہ ان کے دماغ میں کیا تھا جو انہوں نے یہ حرکت کی۔
وسیم باری نے کہا کہ چونکہ انہوں نے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے ٹیم کا اعلان کیا تھا لہذٰا وہ اس میچ کے بعد کوچ اور کپتان سے مشورہ کر کے لاہور میں ہونے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تو طے ہے کہ ٹیم میں زیادہ تبدیلی نہیں ہو گی کیونکہ یہ ٹیم کافی متوازن ہے اور وہ ونگ کمبینیشن خراب کرنا نہیں چاھتے۔ وسیم باری نے کہا اب یہ کپتان کی مرضی ہو گی کہ وہ شاہد آفریدی کی جگہ بیٹسمین ٹیم میں لینا چاہیں گے یا بالر۔ تاہم شاہد آفریدی کی غیر موجودگی سے فرق تو پڑے گا۔
یاد رہے کہ شاہد آفریدی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے فیصل آباد ٹیسٹ کے دوسرے دن پچ کو نقصان پہنچانے کے جرم میں ایک ٹیسٹ میچ اور دو ون ڈے میچ کھیلنے پر پابندی عائد کی ہے۔