http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 21 November, 2005, 12:00 GMT 17:00 PST

انضمام نےمیانداد کا ریکارڈ برابرکردیا

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میں جب پاکستانی کپتان انضمام الحق نے اپنی سنچری مکمل کی تو انہوں نے جاوید میانداد کا پاکستان کے لیے ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

جاوید میاں داد نے تیئیس سنچریوں کا ریکارڈ ایک سو چوبیس ٹیسٹ میچوں میں بنایا تھا جبکہ انضمام نے یہ کارنامہ صرف ایک سو چار ٹیسٹ میچوں میں سر انجام دیا ہے۔

اس موقع پر جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم تھا کہ انضمام ریکارڈ قائم کریں گے کیونکہ وہ خداداد صلاحیت کے حامل کھلاڑی ہیں اور تیز بالروں کو اچھے طریقے سے کھیلتے ہیں‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ ریکارڈ برابر ہونے اور ٹوٹنے کے لیے ہی بنتے ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ یہ کارنامہ انضمام نے سرانجام دیا۔ میرا خیال ہے کہ وہ پاکستان کے لیے مزید کئی سنچریاں بنا سکتے ہیں کیونکہ ان کے پاس تجربہ اور ٹیلنٹ دونوں کی فراوانی ہے‘۔

انضمام الحق نے اب تک ایک سو چار ٹیسٹ میچوں میں سات ہزار آٹھ سو پچاسی رن بنائے ہیں جبکہ ون ڈے میچوں میں وہ گیارہ ہزار کے قریب رن بنا چکے ہیں۔

انضمام کے بارے میں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے میانداد کا کہنا تھا کہ’ جب وہ بین الاقوامی کرکٹ میں آئے تو مجھے یقین تھا کہ ان میں بہت آگے جانے کی صلاحیت موجود ہے اور انہوں نے پاکستان کے لیے بہت کچھ حاصل کیا ہے۔ وہ پاکستان کے بیٹنگ لائن اپ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں‘۔