http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 20 November, 2005, 04:35 GMT 09:35 PST

شاہد آفریدی کی شاندار واپسی

فیصل آباد میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے چار وکٹ کے نقصان پر تین سو رن بنا لیے ہیں۔

تفصیلی سکور کارڈ

حسن رضا کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے شاہد آفریدی نے چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے پنتالیس گیندوں پر نصف سنچری سکور کی۔ آفریدی کےعلاوہ پاکستانی کپتان انضمام الحق نے بھی مسلسل تیسری نصف سنچری بنائی۔

اس وقت انضمام الحق اسّی رن پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ شاہد آفریدی نے سڑسٹھ رن بنائے ہیں۔ انضمام اور آفریدی کی شراکت میں ایک سو چھ گیندوں پر ننانوے رن بنے۔

پاکستان کی جانب سے پہلے ٹیسٹ میں ناکام رہنے والے محمد یوسف نے اس مرتبہ بہتر بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ وہ اٹھہّتر رن بنا کر این بیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انضمام الحق اور محمد یوسف کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے ایک سو اٹھائیس رن کی شراکت داری ہوئی۔
محمد یوسف 78 رن بنا کر آؤٹ ہوئے

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی شعیب ملک تھے۔ چار کے انفرادی سکور پر ان کی اننگز کا خاتمہ ہوگارڈ کی گیند پر فلنٹوف نے ایک شاندار کیچ لے کر کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک اور سلمان بٹ نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور صرف تیرہ اووروں میں پچاس رن کی شراکت مکمل کر لی۔ سلمان بٹ چھبیس کے انفرادی سکور پر سٹیو ہارمیسن کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔پاکستان کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی یونس خان تھے۔ انہیں فلنٹوف کی گیند پر پیٹرسن نے کیچ کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے فلنٹوف، ہارمیسن، این بیل اور ہوگارڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے پہلے ٹیسٹ کے بعد ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ شبیر احمد کی جگہ رانا نوید الحسن کو اور حسن رضا کی شاہد آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کے لیے ان کے کپتان مائیکل وان ٹیم میں واپس آئے ہیں۔

پاکستان کو اس سیریز میں ایک ۔ صفر کی برتری حاصل ہے۔ تین میچوں کی سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔

میچ سے پہلے کہا گیا تھا کہ وکٹ پر گھاس زیادہ ہے جو زیادہ رنز بنانے کے لیے مثبت ثابت ہوگی۔ سِیم بولروں کے لیے یہ وکٹ مشکل ہوگی، لہذا شائقین کی زیادہ تر توقعات پاکستانی سپنر دانش کنیریا سے وابسطہ ہوں گی۔

پاکستان کی ٹیم
انضمام الحق، سلمان بٹ، شعیب ملک، محمد یوسف، یونس خان، دانش کنیریا، محمد سمیع، شعیب اختر، کامران اکمل، رانا نوید الحسن اور شاہد آفریدی۔

انگلینڈ کی ٹیم
مائیکل وان، مارکس ٹریسکوتھک، این بیل، اینڈریو سٹراس، اینڈریو فلنٹاف، کیون پیٹرسن، ایشلے جائلز، گرائنٹ جونز، سٹیو ہارمیسن، میتھیو ہوگارڈ اور شان اڈل۔