Friday, 18 November, 2005, 07:15 GMT 12:15 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، فیصل آباد
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان مارکس ٹریسکوتھک نے وطن واپس نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے اور اب وہ فیصل آباد میں ہونے والا دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے۔
ٹریسکوتھک کے سُسر حادثے میں سیڑھی سے گر کر شدید زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں زیرعلاج ہیں اور یہ کہا جارہا تھا کہ ٹریسکوتھک وطن واپس جارہے ہیں لیکن انگلینڈ ٹیم کے میڈیا منیجر نے کہا ہے کہ نائب کپتان ٹریسکوتھک جنہوں نے ملتان ٹیسٹ میں ان فٹ مائیکل وان کی جگہ قیادت کے فرائض انجام دیے تھے بدستور ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔
ٹریسکوتھک کا اس بار ے میں کہنا ہے کہ پچھلے چند روز بہت پریشانی میں گزرے ہیں اس دوران انہوں نے اپنی فیملی اور ٹیم منیجمنٹ سے مشورہ کیا اور یہ جاننے کے بعد کہ ان کے سُسر کی حالت اب بہتر ہے فیصلہ کیا ہے کہ فی الحال وہ وطن واپس نہیں جارہے۔
ٹریسکوتھک کے ٹیم کے ساتھ رہنے کے فیصلے سے ان کے ساتھیوں کو حوصلہ ملا ہے۔ ملتان ٹیسٹ میں ٹریسکوتھک نے شاندار 193 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔