Saturday, 12 November, 2005, 12:20 GMT 17:20 PST
بھارتی کرکٹ بورڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے دوران کراچی میں ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کے انعقاد پر رضامند ہو گیا ہے تاہم اس تجویز کو بھارتی حکومت کی جانب سے منظور کیا جانا باقی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلٰی اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ بھارت کو میچوں کے شیڈول پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ عباس زیدی کا کہنا تھا کہ ’ بھارت نے ہمیں بتایا ہے کہ وہ مجوزہ شیڈول پر معترض نہیں ہیں‘۔
شیڈول کے مطابق کراچی میں اکیس سے پچیس جنوری تک ٹیسٹ میچ جبکہ گیارہ فروری کو ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔
سنہ 2002 کے بعد سے اب تک صرف بنگلہ دیش اور اور سری لنکا کی ٹیموں نے کراچی میں ٹیسٹ میچ کھیلا ہے۔ یاد رہے کہ سنہ 2002 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے دوران کراچی میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد دورہ ترک کر کے واپس چلی گئی تھی۔
انگلینڈ نے بھی اپنے حالیہ دورے میں کراچی میں ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا تاہم برطانوی ٹیم 15 دسمبر کو کراچی میں ایک ون ڈے میچ کھیلے گی۔
بھارت کے خلاف تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پانچ جنوری سے لاہور میں شروع ہو گا جس کے بعد فیصل آباد اور کراچی میں میچ ہوں گے۔
بھارت نے اپنے گزشتہ دورہ پاکستان میں ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں فتح حاصل کی تھی جبکہ اس برس پاکستان نے اپنے دورہ بھارت میں ون ڈے سیریز جیتی تھی جبکہ ٹیسٹ سیریز برابر رہی تھی۔