Thursday, 10 November, 2005, 15:38 GMT 20:38 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام
پاکستانی کرکٹ ٹیم نے حالیہ برسوں کے دوران جن اوپنرز پر طبع آزمائی کی ہے ان میں سلمان بٹ بھی شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کے آخری آٹھ ٹیسٹ کی سولہ اننگز میں سے دس میں اننگز کا آغاز کیا ہے۔ ان میں وہ ایک سنچری اور ایک ہی نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوسکے ہیں۔
بائیں ہاتھ سے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے نوجوان سلمان بٹ دو سال قبل انٹرنیشنل کرکٹ میں سامنے آئے تھے جب انہوں نے جنوبی افریقہ اکیڈمی کے خلاف شاندار ڈبل سنچری کے نتیجے میں ملتان میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ کیپ حاصل کی لیکن متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے۔
گزشتہ سال زمبابوے اور سری لنکا کے ساتھ ہونے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز میں ان کی واپسی ہوئی لیکن انہیں صحیح معنوں میں شہرت بھارت کے خلاف کولکتہ کے ون ڈے انٹرنیشنل میں سنچری سے ملی۔
آسٹریلیا کے دورے میں سلمان بٹ نے میلبورن میں ستر اور پھر سڈنی میں سنچری بناکر داد سمیٹی لیکن بھارت اور ویسٹ انڈیز کےدورے میں وہ مکمل طور پر ناکام رہے۔
مبصرین کے مطابق سلمان بٹ میں ٹیلنٹ موجود ہے لیکن انہیں اپنی کارکردگی کے معیار کو بڑھانا ہوگا۔