http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 06 November, 2005, 09:56 GMT 14:56 PST

آسٹریلیا کی ویسٹ انڈیز پر فتح

بریٹ لی اور ناتھن بریکن کی شاندار بولنگ کی بدولت آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو برسبن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں تین سو اناسی رن سے شکست دے دی ہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف ایک سو انتیس رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بریٹ لی نے تیس رن کے عوض پانچ جبکہ بریکن نے اڑتالیس رن دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے گزشتہ دن کے سکور دو سو تراسی رن دو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے پانچ سو نو رن کا ہدف فراہم کیا تھا۔

اس ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی اور کرس گیل اور رمیش سروان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بیس سے زیادہ رن بنانے میں ناکام رہا۔

آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کو دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس میچ میں انہوں نے بالترتیب ایک سو انچاس اور ایک سو چار رن کی شاندار اننگز کھیلیں۔