Sunday, 23 October, 2005, 12:11 GMT 17:11 PST
پاکستان کے آل راونڈر شعیب ملک اوپنر کے طور پر کھیلنے کے لیے تیار ہیں اور ان کوانگلینڈ کے فاسٹ بولروں سے کوئی ڈر محسوس نہیں ہوتا۔
پاکستان کے سلیکٹروں کو انگلینڈ کے خلاف اوپننگ جوڑی چننے میں دشواری کا سامنا ہے اور وہ یاسر حمید، شیعب ملک ، سلمان بٹ اور شاہد آفریدی کے ناموں پر غور کر رہے ہیں۔
شعیب ملک جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں یاسر حمید کے ساتھ اننگز اوپن کی تھی کہا ہے کہ اگر وہ ٹیم میں اوپنر کے طور پر کام آسکتے ہیں تو ان کو خوشی ہو گی۔
شعیب ملک نے کہا کہ ان کو انگلینڈ کے فاسٹ بولروں سے کوئی پریشانی نہیں ہے اور وہ اپنے آپکو بطور اوپنر ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔
سعید انور اور عامر سہیل کے بعد پاکستانی سلیکٹروں نے اکیس مختلف اوپننگ جوڑیاں بنائیں لیکن کوئی بھی ٹیم میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
توفیق عمر اور عمران فرحت نے پاکستان میں ہونے والی سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف اچھی بیٹنگ کر کے سلیکٹروں کے مسائل میں کسی حد تک کمی کر دی تھی لیکن بعد میں وہ بھی اپنی فارم برقرار نہ رکھ سکے۔
توفیق عمر اور عمران فرحت کی جوڑی کے بعد پاکستان نے یاسر حمید، شاہد آفریدی، محمد حفیظ، کامران اکمل، اور شعیب ملک کو اس پوزیش پر کھلایا ہے۔
شعیب ملک نے ٹیسٹ میں 37.41 کی اوسط سے 449 رنز بنا رکھے ہیں۔
شیعب ملک کا خیال ہے کہ انگلینڈ کے فاسٹ بولروں کو کوکبارا گیند سے پاکستان میں ریورس سوئنگ کرنے میں دشواری ہوگی۔انگلینڈ کے فاسٹ بولروں نے ایشز سیریز میں ڈیوکس بال سے ریورس بولنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔