Saturday, 15 October, 2005, 17:42 GMT 22:42 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی فاسٹ بولر شبیراحمد کو کلیئر کردیا ہے اس طرح وہ انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لئے ٹیم میں منتخب کئے جاسکیں گے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان باربیڈوس ٹیسٹ کے امپائرز اور میچ ریفری نے شبیراحمد کے بولنگ ایکشن میں خامی کے بارے میں رپورٹ کی تھی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں پرتھ بھیجا تھا جہاں بائیومکینک ماہرین پروفیسر بروس ایلیٹ اور ڈیرل فوسٹر نے ان کے ٹیسٹ لینے کے بعد اپنی رپورٹ آئی سی سی کو بھیج دی تھی۔
بائیومکینک ماہرین کی رپورٹ میں شبیراحمد کے بولنگ ایکشن پر اطمینان ظاہر کیا گیا تھا۔ آئی سی سی نے اسی رپورٹ کی بنیاد پر شبیراحمد کو کلیئر کردیا ہے۔
اس بات کا بھی امکان تھا کہ اس رپورٹ کی بنیاد پر فیصلہ کرنے کے بجائے آئی سی سی کا مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق جائزہ گروپ خود شبیراحمد کے بولنگ ایکشن کے بارے میں اطمینان کرتا۔
شبیراحمد اپنے کریئر میں تیسری مرتبہ مشکوک بولنگ کی زد میں آئے ہیں۔