Tuesday, 11 October, 2005, 19:41 GMT 00:41 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردوڈاٹ کام کراچی
آئی سی سی نے پاکستان کے زلزلہ زدگان کے لئے پانچ لاکھ ڈالرز کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ آئی سی سی نےسڈنی میں اپنےاجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان کی موجودگی میں کیا۔اس موقع پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق آئی سی سی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ سڈنی میں ہونے والے سپر ٹیسٹ کےدوسرے دن کےکھیل کی تمام آمدنی بھی زلزلہ زدگان کے فنڈ میں دی جائے گی اس موقع پر پورے آسٹریلیا سے لوگ فون پر عطیات دیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی اس بات کااعلان کرچکا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لاہور میں ہونے والا پہلا ون ڈے ، امدادی میچ ہوگا ساتھ ہی اس کے تمام اسٹاف نے بھی اپنی چار روز کی تنخواہ بھی صدر کے ریلیف فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔