Friday, 30 September, 2005, 23:05 GMT 04:05 PST
عبد الرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن نے اس سال سیف فٹبال چیمپئن شپ کراچی کے پیپلز فٹبال اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مقابلے سات سے سترہ دسمبر تک ہونگے۔
ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن کے اس فیصلے سے ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے جو کئی ماہ سے اس چیمپئن شپ کے کراچی میں انعقاد کے بارے میں جاری تھیں اور یہ تاثر دیا جارہا تھا کہ یہ مقابلے کراچی سے لاہور منتقل کردیئے جائیں گے۔
ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل سراج الاسلام بچو نے دو مرتبہ کراچی کے پیپلز اسٹیڈیم کا دورہ کرکے سہولتوں کا جائزہ لیا اور انہی کی رپورٹ کی روشنی میں اس میدان پر چیمپئن شپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پیپلز فٹبال اسٹیڈیم ایک طویل عرصہ فٹبال میچوں کے بجائے رینجرز کے استعمال میں رہا ہے۔ اس دوران اس گراؤنڈ کی حالت بہت ہی خراب رہی یہی وجہ ہے کہ ساؤتھ فٹبال فیڈریشن کے حکام کو یہاں آکر تمام سہولتوں اور میدان کی حالت کے بارے میں جائزہ لینا پڑا۔
ساف چیمپئن شپ پہلے سارک گولڈ کپ کے نام سے ہوتی تھی۔ اس میں سارک کے سات ممالک کے علاوہ افغانستان کی ٹیم حصہ لے گی۔
چیمپئن شپ کے ڈراز کے مطابق افتتاحی میچ میزبان پاکستان اورسری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔پاکستان سری لنکا ۔ مالدیپ اور افغانستان ایک گروپ میں ہیں۔ دوسرا گروپ دفاعی چیمپئن بنگلہ دیش۔ بھارت۔ نیپال اور بھوٹان پر مشتمل ہے۔